Tuesday , October 4 2022

کینیڈا میں وبا کی دوسری لہر، ٹرمپ کا 15کروڑ کٹس تقسیم کرنے کا اعلان

اعتماد نیوز

انٹاریو /واشنگٹن : دنیا بھر میں کورونا وائرس سے تین کروڑ 33 لاکھ کے قریب افراد متاثر ہو چکے ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد 10 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کینیڈا کے صوبے انٹاریو میں کورونا کے ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں اور صوبے کو وبا کی دوسری لہر کا سامنا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ’کورونا کی دوسری لہر پہلی کے مقابلے میں زیادہ نقصان دہ ہو سکتی ہے۔

انٹاریو میں سات سو نئے کیسز رپورٹ ہوئے جو اپریل میں سامنے آنے والے 640 کیسز سے زیادہ ہیں۔صوبے کے سربراہ ڈاوگ فورڈ نے کہا ہے کہ ’ہم جانتے ہیں کہ پہلی لہر دوسری سے زیادہ مہلک ہوگی لیکن ابھی یہ معلوم نہیں کہ کتنی نقصان دہ ہو گی۔ ہماری مشترکہ کوشش یہ بات طے کرے گی کہ ہم نئی لہر کا سامنا کریں گے یا سونامی کا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو اعلان کیا کہ ایبٹ لیبارٹریز سے 15 کروڑ کورونا ٹیسٹ کٹس کا آرڈر دیا گیا ہے جن کی مدد سے 15 منٹس میں کورونا کا ٹیسٹ کیا جا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ پانچ کروڑ کٹس سب سے زیادہ متاثر افراد کے لیے ہوں گی جن میں نرسنگ ہومز بھی شامل ہوں گے۔

ان کے مطابق باقی 10 کروڑ کٹس دیگر ریاستوں اور علاقوں کو دی جائیں گی تاکہ وہ معیشت اور سکولوں کو کھول سکیں۔امریکہ کی 21 ریاستوں میں کورونا وائرس کے کیسز دوبارہ تیزی سے بڑھنا شروع ہو گئے ہیں۔امریکہ کی 21 ریاستوں میں گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں کیسز میں 10فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور اکثر اضافہ مغربی ریاستوں میں ریکارڈ کیا گیا۔یہ کیسز الامبا، الاسکا، کولوراڈو، ایڈاہو، مین، مچیگن، منی سوٹا، مونٹانا، نیواڈا، نیو جرسی، نیو میکسکو، نارتھ کیرولینا، نارتھ ڈکوٹا، اوریگون، ساؤتھ کیرولینا، ساؤتھ ڈکوٹا، ٹیکساس، اتاہ، واشنگٹن، وسکونسن اور وایو منگ شامل ہیں۔اس کے علاوہ 18 ریاستوں میں کیسز میں اضافہ یا کمی ریکارڈ نہیں کی گئی لیکن 11 ریاستوں میں کیسز میں کمی دیکھی گئی ہے.

امریکی یونیورسٹی جان ہاپکنز کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں اب تک کورونا سے 10 لاکھ 867 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ملک امریکہ میں مریضوں کی تعداد 71 لاکھ 48 ہزار نو ہے جبکہ اموات کی تعداد دو لاکھ پانچ ہزار انہتر ہے۔انڈیا میں اب تک کورونا سے 60 لاکھ 74 ہزار 702 افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 95 ہزار سے زائد ہے۔برازیل میں کورونا متاثرین کی تعداد 47 لاکھ 45 ہزار 464 اور ہلاکتیں ایک لاکھ 42 ہزار 58 ہیں۔


About

Skip to toolbar