Thursday , December 7 2023

کابل‘ شادی ہال میں دھماکہ، 63 افراد ہلاک 182 زخمی

دھماکہ مقامی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 40 منٹ پر ہوا‘طالبان نے حملے میں کسی بھی طرح سے ملوث ہونے کی تردید کردی
شادی کی تقریب میں 1000 افراد شریک تھے‘ ایک خودکش بمبار نے شادی کی تقریب میں خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑادیا‘عینی شاہد
کابل (اعتماد نیوز)افغانستان کے دارالحکومت کابل میں شادی کی تقریب میں دھماکے سے کم از کم 63 افراد ہلاک اور 182 زخمی ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق دھماکا ہفتے کی رات کو مغربی کابل کے شادی ہال میں جاری ایک شادی کی تقریب کے دوران پیش آیا۔برطانوی میڈیا کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ ایک خودکش بمبار نے شادی کی تقریب میں خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑادیا، دھماکہ مقامی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 40 منٹ پر ہوا۔طالبان نے حملے میں کسی بھی طرح سے ملوث ہونے کی تردید کردی۔افغان حکام کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جب خود کش دھماکا ہوا تو ہال لوگوں سے بھرا ہوا تھا۔ اطلاعات کے مطابق شادی کی تقریب میں 1000 افراد شریک تھے۔وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی کا کہنا تھا کہ ہلاکتوں کی تعداد کابل میں حالیہ مہینوں میں ہونے والے حملوں سے کہیں زیادہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ افغانستان میں شادی کی تقریب میں سو یا اکثر ہزاروں مہمانوں کو مدعو کیا جاتا ہے جو بڑے بڑے شادی ہالوں میں منعقد کی جاتی ہیں۔شادی کی تقریب میں موجود محمد فرہاگ کا کہنا تھا کہ وہ خواتین کے لیے مختص جگہ پر تھے کہ انہوں نے مردوں کی جگہ سے دھماکے کی آواز سنی۔ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے فوری بعد ہر کوئی روتے ہوئے بھاگتا ہوا نظر آیا۔انہوں نے کہا کہ 20 منٹ تک شادی ہال میں دھواں بھرا رہا، مردوں کی جگہ سے تقریباً تمام افراد ہلاک یا زخمی ہوئے، دھماکے کے 2 گھنٹے بعد بھی شادی ہال سے لاشیں نکالی جارہی تھیں۔خیال رہے کہ واشنگٹن اور طالبان افغانستان میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے آخری مراحل میں ہیں۔


About

Skip to toolbar