وہ وقت آنے والا ہے جب عوام حکومت کا محاسبہ کرینگے ‘ اخترحسین بادشاہ
اعتماد نیوز
لاہور: مسلم لیگ(ن) کے رکن پنجاب اسمبلی اخترحسین بادشاہ نے کہا ہے کہ حکومت جتنے مرضی اوچھے ہتھکنڈوں اور جبر کر لے ہماری قیادت حق پر ڈٹی رہے گی،اندھیری رات جلد ختم ہو گی اور عوام کے حق حکمرانی کا سورج طلوع ہوگا ۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے پارٹی صدر محمد شہباز شریف کی لاہو رہائیکورٹ میں عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کر اوچھے ہتھکنڈوںسے آمریت کے ادوارکو بھی مات دیدی ہے اور عوام سب کچھ دیکھ رہے ہیں، وہ وقت آنے والا ہے جب عوا م ان کا محاسبہ کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ شہباز شریف کو اس سے پہلے بھی نیب کے عقوبت خانے میں رکھا گیا لیکن ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیںہوسکی ۔ وفاقی بجٹ پیش ہونے والا ہے ایسے میں حکومت قائد حزب اختلاف کو گرفتار کر کے کیا پیغام دینا چاہتی ہے ۔ مسلم لیگ (ن) حکومت کے عوام دشمن بجٹ کے سامنے دیوار بنے گی ۔