Monday , May 17 2021

وزیرِاعظم عمران خان نے پاکستان پوسٹ پنشن فنڈ کے قیام کی منظوری دے دی

اسلام آباد ( اعتماد نیوز) وزیرِاعظم عمران خان نے پاکستان پوسٹ پنشن فنڈ کے قیام کی منظوری دے دی ۔ وزیرِاعظم نے وزارتِ خزانہ، مواصلات، سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور نیشنل انویسٹمنٹ ٹرسٹ پر مشتمل کمیٹی کے قیام کی منظوری دی جو مجوزہ پنشن فنڈ کے قیام اور اس کے انتظام کے حوالہ سے جامع طریقہ کار اور تفصیلات کابینہ کے سامنے حتمی منظوری کےلئے پیش کرے گی ۔یہ فیصلہ وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان پوسٹ ملازمین کی پنشن کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان پوسٹ کے بجٹ اخراجات کا تقریباً 34 فیصد حصہ پنشن پر مشتمل ہے جس میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، وزیر اعظم کی ہدایت پر ملائیشیا کے پنشن ماڈل کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان پوسٹ نے پنشن فنڈ کے قیام کی تجویز پیش کی ہے، پاکستان پنشن فنڈ کے قیام کا مقصد حکومت پر پڑنے والے پنشن کے بوجھ میں کمی لانا اور ملازمین کی پنشن کے معاملات کا بہتر انتظام یقینی بنانا ہے۔ وزیر مواصلات مراد سعید نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر پاکستان پوسٹ کی جانب سے 26 بیش قیمت اراضیوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو کہ اب تک کسی بھی استعمال میں نہیں لائی گئی تھیں، ان اراضیوں کی تفصیل جلد کابینہ کے سامنے پیش کر دی جائیں گی اور ان کو مثبت مقاصد کےلئے بروئے کار لانے کی منظوری حاصل کی جائے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ حکومت کے محدود مالی وسائل اور پنشن کے بڑھتے ہوئے اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے پنشن کے نظام کا جدید خطوط پر انتظام یقینی بنایا جائے تاکہ جہاں اس نظام کو بہتر طور پر چلا جا سکے وہاں حکومت پر پڑنے والے بوجھ میں کمی لائی جا سکے۔


About

Leave Comment

Skip to toolbar