Tuesday , July 27 2021

دسمبر 2022 تک پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی متعارف کرا دی جائے گی، وفاقی وزیر آئی ٹی

اسلام آباد۔ 23نومبر (اعتماد نیوز) : حکومت پاکستان دسمبر 2022 تک پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے لئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں کام تیزی سے جاری ہے،حکومت پاکستان میں کرپٹوکرنسی کی اجازت دینے کو بھی تیار ہے اور اس مقصد کے لئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور وفاقی بورڈ برائے ریونیو (ایف بی آر) سے ملک میں کرپٹوکرنسی کی تجارت کو محفوظ بنانے کے لیے قانونی لحاظ سے مدد لے رہے ہیں، پے پال کے پاکستان میں خدمات فراہمی سے انکار کے بعد دیگر ڈیجیٹل پیمنٹ سلوشنز پر کام کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام سید امین الحق نے پاکستان ملائیشیا فرینڈشپ ایسوسی ایشن (پی ایم ایف اے) کی دوسری ” پذیرائی ایوارڈز 2020“ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزارتِ آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے کورونا وائرس کی وبا کو ایک موقع کے طور پر لیا جس سے مالی سال 2020-21ءکی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے دوران آئی ٹی برآمدات 44 فیصد اضافے سے 379 ملین ڈالر تک جا پہنچیں جبکہ گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستانی آئی ٹی برآمدات کا حجم 264 ملین ڈالر رہا تھا۔
وفاقی وزیر نے پاکستان میں کسی بھی سوشل میڈیا ایپ بشمول ٹک ٹاک پر پابندی کی مخالفت کی اور کہا کہ معاشی اعشاریے بشمول کرنٹ اکاونٹ، ترسیلات زر اور رمبادلہ ذخائر بہتری کی جانب گامزن ہیں اور آنے والے دنوں میں ملک کا معاشی منظرنامہ مزید بہتر ہوگا۔اس موقع پرکراچی میں ملائیشیا کے قونصل جنرل خیرالنظران عبدالرحمان نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے مابین آزادانہ تجارت کا معاہدہ دونوں ممالک کی تجارت کے لیے ترقی اور روزگار کے مواقع کی نئی راہیں کھول سکتا ہے۔ فی الوقت پاکستان اور ملائیشیا کی تجارت زیادہ تر پام آئل تک محدود ہے تاہم دو طرفہ تجارت کو ٹیکسٹائل، آٹو، خوراک اور سبزیوں سمیت برآمد کے دوسرے ممکنہ شعبوں پر غور کر رہے ہیں۔انہوں نے دوطرفہ تجارت میں پاکستان اور ملائشیا کی تاجر برادری کے تعاون کو سراہا اور پی ایم ایف اے کی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے اپنا پلیٹ فارم مہیا کرنے کی کوششوں کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائشیا کے مابین آزاد تجارتی معاہدہ (ایف ٹی اے) دونوں ممالک کے لیے جیت کی صورتحال فراہم کرے گا۔پاکستان ملائیشیا فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے صدر شاہد جاوید قریشی نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہ ا ایسوسی ایشن ہمیشہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت کی حمایت کرتی ہے اور ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب کا مقصد پاکستان اور ملائیشیا کی تاجر برادری کی کوششوں کو سراہنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ای ڈاٹ کو نے پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر میں 130ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور اپنے کاروبار کو بڑھاتے ہوئے اگلے دو سالوں میں 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کر نے کا ارادہ رکھتی ہے.
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ الحاج آٹوموبائل نے 40 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے یہ پروجیکٹ جس میں آرٹ اسمبلی پلانٹ ملک بھر میں ڈیلرز کے نیٹ ورک اور دیسی ساختہ سرگرمیاں شامل ہے۔الحاج نے دسمبر سے ساگا 1300 سی سی سیڈان کار اور ایکس 70 ایس یو وی لانچ کرنے کا ارادہ کیا ہے۔


About

Skip to toolbar