Tuesday , December 1 2020

ہائیکورٹ نے شہباز شریف کی عبوری ضمانت17 جون تک منظور کر لی

لاہور ہائیکورٹ نے نیب کو17جون تک نیب کو شہباز شریف کی گرفتاری سے روک دیا.
شہباز شریف کو 5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم ،نیب سے آئندہ سماعت پر جواب طلب .
نیب نے دوبارہ شہباز شریف کو تحقیقات کے لئے نو جون کو طلب کر لیا.
لاہور( اعتماد نیوز )لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان مسلم لیگ نوازکے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی عبوری درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے قومی احتساب بیورو ( نیب )کو 17جون تک انہیں گرفتار کرنے سے روک دیا جبکہ عدالت نے شہباز شریف کو 5لاکھ کے مچلکے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کے پاس جمع کرانے کا حکم دیدیا ۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق عباسی اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل دو رکنی بنچ نے شہباز شریف کی جانب سے دائر عبور ی درخواست ضمانت پر سماعت کی ۔قبل ازیں شہباز شریف کے وکلاء کی جانب سے پولیس رکاوٹیں ہٹانے کی درخواست دی گئی جس میں موقف اپنایا گیا کہ شہباز شریف عبوری درخواست ضمانت کیلئے ہائیکورٹ میں پیش ہونا چاہتے ہیں ۔رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر تمام رکاوٹیں ہٹا دی گئیں جس کے بعد شہباز شریف ہائیکورٹ پہنچے ۔
۔سماعت کا آغاز ہونے پر عدالت نے استفسار کیا درخواست گزار شہباز شریف کہاں ہیں ؟ جس پر وکیل امجد پرویز نے کہا شہباز شریف کمرہ عدالت میں موجود ہیں اور کینسر کے مریض ہیں۔ شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ نیب نے جو جو ریکارڈ مانگا وہ فراہم کر دیا گیا ہے پھر بھی نیب گرفتاری کے لیے بیتاب ہے۔ وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا شہباز شریف کو 5 اکتوبر 2018 کو صاف پانی کیس میں بلایا گیا، دوران ریمانڈ شہباز شریف کو رمضان شوگر ملز کیس میں بھی گرفتار کر لیا گیا، نیب 63 دن کے ریمانڈ میں تفتیش کرتی رہی۔
فاضل عدالت نے استفسار کیا شہباز شریف کے خلاف کیس کس مرحلے پر ہے۔ وکیل امجد پرویز نے کہا شہباز شریف کیخلاف کیس انویسٹی گیشن کے مرحلے میں ہے ۔
عدالت نے کہا نیب والے کہاں ہیں، روسٹرم پر آئیں، کیا نیب شہباز شریف کی درخواست ضمانت کی مخالفت کرتا ہے ؟ نیب وکیل نے کہا نیب شہباز شریف کی ضمانت کی مخالفت کرے گا۔شہباز شریف کے وکیل نے کہاکہ شہباز شریف کو 2 جون کو طلب کیا گیا لیکن وارنٹ 28 مئی کے تھے اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ جب وارنٹ پہلے نکلے تو نیب نے 2 جون کو کیوں بلایا۔ جس پر نیب کے وکیل نے کہا کہ جب گرفتاری کا مواد آیا تب شہباز شریف کے وارنٹ جاری کیے گئے ۔لاہور ہائیکورٹ نے نیب کو شہباز شریف کو 17 جون تک گرفتار کرنے سے روکتے ہوئے آئندہ سماعت پرنیب سے جوا ب طلب کرلیا.


About

Leave Comment

Skip to toolbar