Sunday , October 17 2021

پی سی بی نےہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، بولنگ کوچ اظہر محمود اور ٹرینر گرانٹ لڈن کی چھٹی کردی

لاہور(اعتماد نیوز)چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کرکٹ کمیٹی کی سفارشات منظور کرلیں قومی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ،پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، بولنگ کوچ اظہر محمود اور ٹرینر گرانٹ لڈن کے کنٹریکٹ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی تمام عہدوں پر نئی تعیناتیوں کے لیے عمل کا آغاز فوری کررہا ہے۔جمعہ کو کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں تمام ممبران نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے کنٹریکٹ میں توسیع نہ کی جائے۔چاروں عہدوں پر نئی تعیناتیوں کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ اشتہار جاری کرے گا۔اس موقع پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ تمام کوچز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک طویل اور جامع عمل کے بعد اپنی سفارشات تیار کرنے پر کرکٹ کمیٹی کا مشکور ہوں۔کرکٹ کمیٹی تجربہ کار اراکین پر مشتمل تھی۔ احسان مانی نے کہا کہ کرکٹ کمیٹی نے قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نئے کوچنگ اسٹاف کی تعیناتی پر مکمل اتفاق کیا ہے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اپنی تعیناتی کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کی بہتری کے لیے بھرپور محنت کرنے پر میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، بولنگ کوچ اظہر محمود اور ٹرینر گرانٹ لڈن کا مشکور ہوں۔ میں ان کے مستقبل کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کرتا ہوں۔احسان مانی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ قومی کرکٹ کی بہتری کے لیے فیصلے کرتا رہے گا


About

Muhammad Imran Khan Lohani
Skip to toolbar