Saturday , August 8 2020

نئی میڈیکل رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس نواز شریف کے لیے ہلاکت خیز ثابت ہو سکتا ہے

اعتماد نیوز

لاہور: لندن میں زیر علاج سابق وزیراعظم نواز شریف کی نئی میڈیکل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرادی گئی۔

امجد پرویز ایڈووکیٹ نے نواز شریف کی رپورٹس رجسٹرار آفس میں جمع کروائیں جس میں بتایا گیا ہےکہ ڈاکٹروں نے کورونا کے باعث سابق وزیراعظم کے گھر سے باہر نکلنے پر پابندی عائد کی ہے کیونکہ ڈاکٹروں کا اندیشہ ہے کہ وبا کے دوران نواز شریف کو گھر سے باہر جانے کی اجازت دی گئی تو یہ وبا ان کے لیے جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔

عدالت میں جمع کرائی گئی میڈیکل رپورٹ کے مطابق نواز شریف پلیٹ لیٹس، شوگر، دل، گردے اور ہائی بلڈ پریشر کے امراض میں مبتلا ہیں اس لیے ان کا کورونا کے دوران باہر نکلنا جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق نواز شریف کے دل کو خون کی مناسب سپلائی نہیں ہو رہی۔

رپورٹ کے مطابق ڈاکٹرز نے نوازشریف کو جسمانی سرگرمیاں جاری رکھنے کے ساتھ طبی ماہرین سے مشورے میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

میڈیکل رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ کورونا کے دوران نواز شریف کو انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت ہے، ڈاکٹرز ان کی صحت سے ہر وقت آگاہ ہیں۔

نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کو 4 دسمبر، 15 دسمبر 2019ء کو بھی عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنایا جا چکا ہے جب کہ سابق وزیراعظم کی 13 جنوری، 12 فروری، 18 مارچ اور 28 اپریل2020 کو بھی میڈیکل رپورٹس ہائیکورٹ میں جمع کروائی جا چکی ہیں۔


About

Leave Comment

Skip to toolbar